سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے ہفتے کے روز مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے سیکیورٹی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا اور جدید نظام میں کام کی پیشرفت کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران امیر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان اور کئی اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معائنہ کے دوران وزیر داخلہ کو مرکز کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سیکیورٹی سینٹر نمازیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور مسجد اور اس کے آس پاس کے صحنوں میں بھیڑ کے بہاؤ کو منظم کرنے کے لیے اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔ دورے کے دوران، وزیر داخلہ نے زائرین اور عبادت گزاروں کی خدمت کے لیے سینٹر کے عملے کی کوششوں کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اتوار کو مسجد نبوی میں حاضری دی اور نماز ادا کی۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ مدینہ منورہ کے امیر شہزادہ سلمان بن سلطان بھی موجود تھے۔