پوپ فرانسس کے جانشین کے انتخاب کا عمل اس وقت عالمی سطح پر زیر بحث ہے، اور اس حوالے سے قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں، کیونکہ نہ تو کوئی باضابطہ انتخابی مہم جاری ہے، نہ ہی امیدواروں کی فہرست سامنے آئی ہے۔
تاہم فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، اس ہفتے شروع ہونے والے کونکلیو میں دنیا بھر کے 15 اہم کارڈینلز کو پوپ فرانسس کا جانشین سمجھا جا رہا ہے، اور ان کے انتخاب کا عمل کیتھولک دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔
ایشیا سے لوئس انتونیو ٹیگل 67 سال سرفہرست امیدوار ہیں، جو فلپائن کے سابق میٹروپولیٹن آرچ بشپ ہیں اور غریبوں، مہاجرین کے حقوق کے بڑے حامی ہیں۔ افریقہ سے پیٹر ٹرکسن76 سال، جو گھانا کے سابق آرچ بشپ ہیں، سیاہ فام پوپ بننے کے لیے سب سے زیادہ زیرِ بحث ہیں۔
یورپ میں پیئیترو پیرو لین 70 سال اور دیگر کارڈینلز جیسے پیئر بتیستا پیزابالا اور ماتیو ماریا زپی مضبوط امیدوار ہیں، جو اپنے عالمی اثر و رسوخ اور روحانی بصیرت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ امریکہ سے رابرٹ فرانسس پریواسٹ اور ٹموتھی ڈولن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں، جو اپنے قدامت پسند نظریات اور عالمی تجربے کی بدولت اہم مقام رکھتے ہیں۔
کونکلیو کے اختتام پر یہ سوال اہم بن جائے گا، کون بنے گا پوپ فرانسس کا جانشین؟ اور اس کا فیصلہ دنیا بھر کے کیتھولکوں کی روحانی قیادت کی سمت متعین کرے گا۔