سعودی عرب کی حج سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں سے غیرقانونی طور پر مقیم 42 غیرملکی افراد کو گرفتار کر لیا ہے جو کہ مختلف اقسام کے وزٹ ویزا پر مکہ مکرمہ میں موجود تھے اور حج کے لیے مقرر کیے گئے ضوابط و ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے تھے۔
قانون نافذ کرنے والے سعودی اداروں کے مطابق ان افراد کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ انہیں پناہ دینے والے عناصر کی تلاش بھی جاری ہے تاکہ انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر کے مقررہ سزائیں دی جا سکیں۔
سعودی حکام نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ حج صرف ان افراد کے لیے ہے جو باقاعدہ اجازت نامے یا حج ویزا رکھتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
اس حوالے سے سعودی حکام نے پہلے واضح کر رکھا ہے کہ حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ کی حدود میں صرف وہی غیر ملکی لوگ قیام کر سکتے ہیں جن کے پاس حج ویزا ہو۔ اس کے علاوہ کسی بھی ویزے پر موجود افراد اور انھیں رکھنے والوں کے خلاف سخت کروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ان پابندیوں اور سختیوں کا مقصد حجاج کرام کی تعداد کے مطابق، بہتر سے بہتر انتظامات کرنا اور عین ایام حج کے دوران کسی بھی جانی و مالی نقصان کے خدشے کو ختم کرنا ہے۔سعودی حکام نے اس سلسلے میں عوام اور مقیم غیر ملکیوں سے تعاون کی اپیل بھی کر رکھی ہے۔