اسلام آباد :پاکستان نے قومی سلامتی اور انسداد دہشتگردی کے میدان میں ایک زبردست پیش رفت کرتے ہوئے ایک ہمہ جہت، مربوط اور جدید نظام "نیشنل انٹیگریٹڈ فریم ورک فار تھریٹ اینالسس اینڈ کوآرڈینیشن (NIFTAC)” کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد خفیہ معلومات کو مؤثر انداز میں اکٹھا کرنا، تجزیہ کرنا اور خطرات کے خلاف بروقت اور مربوط ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، این آئی ایف ٹی اے سی ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں تمام سکیورٹی، انٹیلیجنس اور آپریشنل ادارے یکجا ہو کر ایک صف میں کھڑے ہوں گے، تاکہ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جا سکے۔ اس نظام کے ذریعے نہ صرف قومی تیاریوں میں اضافہ ہوگا بلکہ وسائل کا استعمال بھی بہتر انداز میں ممکن ہوگا۔ یہ اقدام پاکستان کی داخلی اور خارجی سلامتی کے لیے ایک انقلابی موڑ ہے۔
اس نئے سکیورٹی ماڈل کی تفصیلات وزیراعظم شہباز شریف کو آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں دی گئیں، جہاں وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس کے ہمراہ پہنچے۔
وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی چیلنجز، بھارت کی مشرقی سرحد پر بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی، ہائبرڈ وار فیئر، اور دہشتگرد نیٹ ورکس کی سرگرمیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ
پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر آنچ آنے نہیں دی جائے گی، چاہے خطرہ کسی بھی شکل میں ہو۔ ہماری افواج ہمہ وقت تیار ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”
قومی قیادت نے زور دیا کہ بین الایجنسی تعاون کو بلا تعطل جاری رکھا جائے اور آپریشنل تیاریوں کو ہر لمحہ فعال رکھا جائے تاکہ دشمن کو کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔
این آئی ایف ٹی اے سی نہ صرف پاکستان کی انٹیلیجنس کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرے گا، بلکہ یہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو ایک مؤثر، اسمارٹ اور فیصلہ کن سطح پر لے جائے گا