سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ سمیت ہر جگہ، عازمین حج کی خدمت کے لیے حفاظتی اور انتظامی منصوبوں کو نافذ کرنے میں انتہائی مستعدی سے بہترین کارکردگی کے ساتھ کام کریں ۔
منگل کو جدہ میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ولی عہد نے مکہ روٹ انیشیٹو کے تحت حاجیوں کی آمد کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر خصوصی طور پر روشنی ڈالی۔
ولی عہد نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے اس سال حج کے لیے دنیا بھر سے مملکت میں آنے والے عازمین کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کو حرمین شریفین کی خدمت، ان کے زائرین کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت اور راحت کو یقینی بنانے کا اعزاز عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
اجلاس کے بعد سعودی پریس ایجنسی کو جاری کردہ ایک بیان میں، میڈیا کے وزیر سلمان الدوسری نے کہا کہ کابینہ نے مملکت کی اقتصادی کارکردگی کے اشاریوں میں نمایاں پیش رفت، سرمایہ کاری کی سطح میں اضافہ، ترقی میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شراکت اور قومی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے حکومتی شعبوں کے درمیان مربوط کوششوں کا جائزہ لیا۔
سلمان الدوسری کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خاص دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ وزارتوں کو حکم دیا کہ حج کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔