افواج پاکستان نے اپنی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اب تک بھارت کے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
بھارت نے 6 اور 7 مئی کو ایک حملے میں اپنے 5 جدید طیاروں، متعدد ڈرونز اور فوجی ہلاکتوں کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اسرائیلی ساختہ ڈرونز کے ذریعے پاکستان پر حملے کرنے کی کوشش کی ہے، یہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔
لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھرپور جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے ان مار گرائے گئے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہا ہےاور اس کے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا رہا ہے۔ پاکستانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔