صوبہ پنجاب میں سیکیورٹی کی صورتحال میں اضافے اور بھارت و پاکستان کے مابین کشیدگی کے تناظر میں برٹش کونسل نے آج لاہور میں سہ پہر کے وقت ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق جی سی ای (GCE)، آئی جی سی ایس ای (IGCSE)، آئیلٹس (IELTS) اور یونیورسٹی آف لندن کے ان امتحانات پر ہوگا جو لاہور کے مختلف امتحانی مراکز میں شام کے سیشن کے دوران منعقد ہونے تھے۔
برٹش کونسل نے یہ اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا، جس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ امتحانی بورڈز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ طلبہ، عملے اور دیگر متعلقہ افراد کی جان و مال کی حفاظت اور سلامتی کو اولین ترجیح دی جا سکے۔
اس حوالے سے برٹش کونسل نے نجی امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ کی معلومات کے لیے تنظیم کے کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کریں، جبکہ رجسٹرڈ اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اداروں کے ذریعے ہی تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کریں۔
ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فی الحال امتحانات کے دوبارہ انعقاد یا ری شیڈولنگ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم تمام اہم اعلانات برٹش کونسل کے تصدیق شدہ ذرائع سے ہی جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ ہوائی پروازوں کی معطلی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
فلائٹ آپریشنز میں وقفے وقفے سے خلل پیدا ہوا ہے، جس کے سبب شہریوں کو محتاط رہنے اور سفر سے قبل ائیر لائنز سے تصدیق کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
پنجاب حکومت نے سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پورے صوبے میں ہنگامی صورتحال نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس، سول انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی ڈیوٹی پر واپس آئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنائیں۔
یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی، صحت اور شہری نظام کو مستحکم رکھا جا سکے اور عوام کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔