اسلام آباد/نئی دہلی: خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب نے ایک بار پھر اپنا کلیدی سفارتی کردار ادا کیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں کشیدگی کم کرنے، تصادم سے بچاؤ اور امن کے قیام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق، شہزادہ فیصل بن فرحان نے دونوں رہنماؤں کو باور کرایا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے ساتھ اس کے قریبی، برادرانہ اور متوازن تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عسکری کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اور سعودی عرب اس تناؤ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کرنے کو تیار ہے۔
یہ رابطے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان نے ‘آپریشن بنیان مرصوص’ کے تحت بھارت میں متعدد حساس فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جس سے خطے میں شدید تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کے اس بروقت اور متحرک اقدام کو ماہرین خطے میں ممکنہ جنگ کے خطرے کو ٹالنے کی ایک اہم کوشش قرار دے رہے ہیں۔
سفارتی محاذ پر سعودی عرب کی یہ فعال موجودگی عالمی برادری کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ مشرق وسطیٰ کا یہ اہم ملک امن کے قیام میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔