مکہ مکرمہ :اللہ کے مہمانوں کی عزت افزائی کا ایک اور دل کو چھو لینے والا باب سعودی وزیر برائے اسلامی امور، دعوت و ارشاد اور "خادم حرمین شریفین کے حج، عمرہ و زیارت پروگرام” کے نگرانِ اعلیٰ، شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے آج مکہ مکرمہ میں دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں کی رہائش گاہوں کا دورہ کیا۔ یہ دورہ نہ صرف ان مہمانوں سے محبت کا عملی مظہر تھا بلکہ سعودی عرب کی فقید المثال انتظامی بصیرت کا آئینہ دار بھی۔
یہ میدانی جائزہ شیخ عبد اللطیف کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد اللہ کے مہمانوں کے لیے اعلیٰ ترین خدمات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے رہائش گاہوں میں فراہم کردہ سہولیات، طعام، نقل و حمل، اور دیگر ضروری انتظامات کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا اور مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
شیخ عبداللطیف نے اس موقع پر کہا کہ یہ تمام خدمات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی سرپرستی اور قیادت کا مظہر ہیں، جو اسلامی دنیا کی قیادت کو نہ صرف عبادات کے مواقع پر بلکہ ہر سطح پر قابلِ فخر اور مثالی بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے میدانی کمیٹیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی، انہیں کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی تلقین کی اور واضح ہدایات دیں کہ سعودی عرب کی جانب سے حجاج و معتمرین کو دی جانے والی خدمات نہ صرف شایانِ شان بلکہ عالمی معیار کی ہوں، تاکہ دنیا مملکت کی خدمتِ حرمین میں سنجیدہ کوششوں کا عملی مظاہرہ دیکھے۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے مہمانوں سے ملاقات کی، اُن سے حال احوال دریافت کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے پرخلوص سلام اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
مہمانوں نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دل خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے لیے دعاؤں سے لبریز ہیں۔ جو عزت، محبت، سہولت اور اپنائیت سعودی عرب نے دکھائی، وہ اسلامی اخوت کی روشن مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے حجاجِ کرام کو دی جانے والی خدمات دنیا بھر میں ایک "عالمی معیار” اور "اسلامی جذبے” کا امتزاج ہیں، جو رواداری، اعتدال اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔