مکہ مکرمہ: خادمِ حرمین الشریفین اور ولی عہد سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے حج کے موقع پر دنیا بھر سے آئے مسلم ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے اعزاز میں ایک پرتکلف شاہی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
اس عظیم الشان تقریب میں پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی، جنہوں نے نہ صرف ظہرانے میں شرکت کی بلکہ سعودی ولی عہد سے خصوصی ملاقات بھی کی۔
اسپیکر ایاز صادق نے اس موقع پر سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ "سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے لیے اپنا دل کھلا رکھا ہے، جس پر ہم ان کے بے حد ممنون ہیں۔”
ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی عوام خادم الحرمین الشریفین سے دلی عقیدت رکھتے ہیں اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے اخلاص اور خیر سگالی کے جذبات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ "پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کا یہ روشن سفر مزید وسعت اختیار کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔”
اس ملاقات اور ظہرانے کو عالمی اسلامی اتحاد، باہمی بھائی چارے اور دو طرفہ سفارتی روابط کے استحکام کی ایک درخشاں جھلک قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے مثبت پیغام ابھرا ہے۔