اسلام آباد:حج 2025 کی روحانی اور تاریخی عبادت کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کا سلسلہ باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ بدھ کی صبح قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی واپسی کی پرواز PK-732 جدہ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس میں متعدد خوش نصیب حجاجِ کرام سوار تھے۔
اس روح پرور موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خود ایئرپورٹ پر موجود ہو کر حاجیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے حاجیوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت پاکستان نے اس سال حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کیں، جنہیں خود حجاج نے سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے باعث انتظامات مثالی رہے۔
وفاقی وزیر کا کہناتھاکہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ عازمینِ حج کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح رہی ہے، اور ہم آئندہ برس اس سے بھی بہتر انتظامات کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل کو ہوا تھا جب پی آئی اے کی پہلی پرواز 393 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی تھی۔
اب جبکہ واپسی کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، آئندہ چند روز میں لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں کے ایئرپورٹس پر بھی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور اس مرحلے کو بھی سہولت اور شفافیت سے مکمل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں تاکہ وطن واپس آنے والے تمام حجاج کو خوش آمدید کہا جا سکے اور ان کی واپسی کو یادگار بنایا جا سکے۔