ریاض / مکہ مکرمہ:سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ہجری سال 1447 کے لیے نئے عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق 11 جون 2025 سے بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ویزوں کا اجرا شروع ہو چکا ہے، جو جدید "نسُک ایپ” کے ذریعے سہل اور تیز تر بنا دیا گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزہ، رہائش اور نقل و حمل کی خدمات کو مربوط ڈیجیٹل سسٹم کے تحت یکجا کر دیا گیا ہے، جس سے زائرین کو نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ وہ سعودی عرب آمد سے قبل ہی اپنے عمرہ کے انتظامات مکمل کر سکیں گے۔
یہ جدید سہولتیں سعودی وژن 2030 کا عملی مظہر ہیں، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور زائرین کو عالمی معیار کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
حکام نے بتایا کہ حکومت نے اس سیزن کی کامیابی کے لیے پہلے سے تیاری مکمل کر رکھی تھی، اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کے تحت پیشگی انتظامات مکمل کیے گئے۔
زائرین کے لیے عالمی سطح پر آگاہی مہم کا اعلان کردیاگیاہے،سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ زائرین کی آسانی کے لیے مختلف زبانوں میں ڈیجیٹل آگاہی مہمات چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے صحت، حفاظت، رہنمائی، اور سہولتوں کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جائیں گی۔
کامیاب حج کے بعد عمرہ سیزن کا آغازہوگیاہےیاد رہے کہ رواں برس کا حج سیزن 9 جون 2025 کو مکمل ہوا، جس میں دنیا بھر سے 16 لاکھ سے زائد حجاج نے شرکت کی۔ شاندار انتظامات، جدید سہولتوں، اور مربوط حکمتِ عملی کے باعث یہ حج سیزن تمام پہلوؤں سے کامیاب قرار دیا گیا۔