حج 2025 کے پُرامن، منظم اور باذوق انعقاد کے بعد سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے حج آپریشن سے منسلک تمام سرکاری، سیکیورٹی اور سروس اداروں کی انتھک محنت اور بہترین کارکردگی پر ان کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر خصوصی پیغامات ارسال کیے، جن میں حج انتظامات سے جڑے تمام افراد کی خدمات کو سراہا گیا۔
یہ پیغامات وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کو بھیجے گئے، جن میں واضح طور پر اُن کی قیادت میں کام کرنے والے تمام اداروں، علاقائی گورنروں، کمیٹی کے اراکین، سیکیورٹی فورسز، صحت عامہ کے عملے، سول سروس اور مختلف ریاستی محکموں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں حج سیزن کی مجموعی کامیابی کو نہ صرف اللہ تعالیٰ کے فضل اور توفیق کا نتیجہ قرار دیا، بلکہ سیکیورٹی، طبی، تنظیمی اور سروس سے متعلق مختلف منصوبوں کے جامع اور مربوط نفاذ کو بھی اس کامیابی کا بنیادی عنصر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جن تمام اہلکاروں نے فریضہ حج کی انجام دہی کے دوران تقریباً سترہ لاکھ حجاج کرام کی خدمت کی، وہ ستائش کے مستحق ہیں۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر موصول ہونے والی مبارک باد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ سلمان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج کا حج قبول فرمائے، مملکت کو اسلام اور امت مسلمہ کی مزید خدمت کا موقع دے، اور حج انتظامات کو ہر سال مزید بہتر بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
اسی طرح ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی حج کے پُرامن، محفوظ اور شاندار انتظامات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، اور کہا کہ شاہ سلمان کی رہنمائی اور تمام اداروں کے مابین مثالی ہم آہنگی نے ایک بڑی کامیابی کو ممکن بنایا۔
اُن کے مطابق جس جانفشانی سے تمام ذمہ دار اداروں نے حجاج کے آرام، تحفظ اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا، وہ نہایت قابلِ تعریف ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خادمِ حرمین شریفین کی صحت و سلامتی کو برقرار رکھے، ملکِ سعودی عرب میں امن و امان کو دوام عطا کرے، اور دنیا بھر سے آئے ہوئے تمام حجاج کرام کا حج اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
رواں برس 2025 کے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات پر عبادات کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے شرکت کی، جنہیں تمام ضروری سہولیات اور بہترین انتظامات فراہم کیے گئے۔