اسلام آباد / لاہور / کراچی / ملتان / کوئٹہ:سعودی عرب سے حج کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ جوش و جذبے سے جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق 14 جون تک 11 ہزار 418 حجاج وطن واپس پہنچ چکے تھے، جبکہ صرف اتوار کے روز مزید 4 ہزار 995 زائرین 20 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن پہنچے۔
اتوار کو اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر چھ، چھ، کراچی میں چار، ملتان میں تین جبکہ کوئٹہ میں ایک پرواز نے حجاج کو لے کر لینڈ کیا۔ وزارت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عالمی فضائی ٹریفک میں درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان کا پوسٹ حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
ترجمان وزارت نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ واپسی کے دوران نظم و ضبط کا دامن نہ چھوڑیں اور سامان کی پیکنگ کے دوران ٹکٹ پر درج وزن کی حد کا خاص خیال رکھیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی ایئرپورٹس پر رش کے باعث حجاج اپنی فلائٹ سے 6 سے 8 گھنٹے پہلے پہنچنے کو یقینی بنائیں تاکہ واپسی کے سفر میں کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے حاجیوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور واپسی کو خوشگوار بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری ہیں، جبکہ قومی ایئرلائنز اور سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر فلائٹ شیڈول کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا رہا ہے۔