اسلام آباد :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر حصار ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں عالمی اور مقامی سطح پر پھیلنے والی گمراہ کن معلومات اور مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی جعلی خبروں نے نہ صرف عوام کو کنفیوژ کیا بلکہ قومی سلامتی پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں، اور ہم اپنی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائیں گے۔
انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ کل سوشل میڈیا پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوئی، جسے بعد ازاں جعلی قرار دیا گیا وہ کلپ دراصل AI سے تیار کیا گیا تھا۔ اسی طرح اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ایک پرانا انٹرویو بھی حالیہ تنازع سے جوڑ دیا گیا، جو اصل میں 2011 کا تھا۔
اسحاق ڈار نے سینیٹ میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ13 جون کے بعد سے فیک نیوز کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ ہمیں ہوش سے کام لینا ہوگا۔ ایسی خبریں نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پھیلاتی ہیں بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔
انہوں نے میڈیا، سوشل میڈیا صارفین اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ خبر کی سچائی کی تصدیق کیے بغیر اسے آگے نہ پھیلائیں، کیونکہ دشمن عناصر اس بے احتیاطی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے اور دنیا ایک نئے بحران کے دہانے پر کھڑی ہے۔ پاکستان نے واضح پیغام دےدیاہے،ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اور گمراہ کن اطلاعات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کو چوکنا رہنا ہوگا۔