چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) کا امریکا کے سرکاری دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پرجوش اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے افواجِ پاکستان کے حالیہ آپریشن "بنیان مرصوص/معرکۂ حق” میں پیشہ ورانہ مہارت، جرات مندی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، ملکی دفاع کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستانی تارکینِ وطن کی معاشی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی درحقیقت پاکستان کے سچے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی نہ صرف ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کا سہارا بنے ہوئے ہیں، بلکہ انہوں نے اپنے عمل اور کردار سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کی قربانیوں، محنت اور حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، اور ان کے ساتھ رابطے کا مضبوط سلسلہ برقرار رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ باہمی ترقی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اوورسیز کمیونٹی کے ساتھ پارٹنرشپ کا تسلسل ناگزیر ہے۔
ملاقات کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ نہایت خوش دلی سے اپنے مسائل، تجاویز اور تجربات شیئر کیے۔ آرمی چیف نے ان کی باتوں کو نہایت سنجیدگی سے سنا، ان کے جذبے کی تعریف کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے اس بات کی عکاسی کی کہ وطن سے دور رہنے کے باوجود ان کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، اور وہ ملک کی سالمیت، ترقی اور وقار کے لیے ہر سطح پر سرگرم عمل ہیں۔
یہ ملاقات نہ صرف ایک خیرسگالی کا مظہر تھی بلکہ اس نے پاکستان اور اوورسیز کمیونٹی کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کی ایک نئی بنیاد بھی فراہم کی ہے