تل ابیب: ایک دل دہلا دینے والی رات کے بعد اسرائیلی فوج نے منگل کے روز تل ابیب اور شمالی اسرائیل کے شہریوں کو اطمینان کی سانس لینے کی اجازت دے دی ہے۔ ایران کی جانب سے داغے گئے تازہ میزائل حملے کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا گیا اور یوں زمین پر تباہی کا خواب، دھوئیں کے بادلوں میں تحلیل ہو گیا۔
گزشتہ چند روز سے اسرائیلی فوج مسلسل ایرانی حملوں کے پیشگی خدشات ظاہر کر کے شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایات جاری کر رہی تھی۔ منگل کو بھی تل ابیب اور شمالی علاقوں میں خطرے کی گھنٹیاں بجیں، سائرنوں کی آوازیں فضاؤں میں گونجیں، اور شہری ایک بار پھر زیرِ زمین پناہ گاہوں میں دبکنے پر مجبور ہو گئے۔
مگر چند گھنٹوں بعد منظر نامہ یکسر بدل گیا۔اسرائیلی فوج نے اپنے پہلے جاری کردہ الرٹ کو واپس لیتے ہوئے اعلان کیاکہ ایرانی میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا، اب خطرہ ٹل چکا ہے۔
فوج کے مطابق زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی روک لیا گیا، جس کے بعد شہریوں کو واپس اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کی اجازت دے دی گئی۔
یہ اعلان اسرائیلی عوام کے لیے ایک عارضی مگر پراثر سکون کا لمحہ تھا، جب وہ بم پروف پناہ گاہوں سے نکل کر ایک بار پھر سورج کی روشنی میں سانس لے سکے۔
اس واقعے نے ایک بار پھر خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ اور کسی بھی لمحے آتش فشاں بننے والے حالات کی سنگینی کو آشکار کر دیا ہے۔
کیا یہ صرف ایک عارضی وقفہ ہے؟یا پھر کسی بڑے طوفان سے پہلے کی خاموشی؟دنیا کی نظریں اب مشرقِ وسطیٰ پر جمی ہیں