یروشلم / تہران :مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی ایک اور دھماکہ خیز موڑ پر پہنچ گئی، جب جمعے کی صبح ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کے شہر بیرشیبہ کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنا دیا۔ اسرائیلی دفاعی نظام میزائل کو روکنے میں ناکام رہا، جس کے باعث شہر کے ٹیک پارک میں واقع مائیکروسافٹ دفتر کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، کئی گاڑیاں جل گئیں اور 7 افراد زخمی ہو گئے
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ انٹرسیپٹر سسٹم میں ممکنہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے بیلسٹک میزائل کو روکنے میں ناکامی ہوئی۔ ہیرٹز کے مطابق، اسرائیلی دفاعی ادارے اس ناکامی کی تحقیقات کر رہے ہیں، کیونکہ بیرشیبہ، جہاں نیواتیم فضائی اڈہ بھی واقع ہے، اس نوعیت کے حملے کے بعد شدید خطرے میں ہے
ٹائمز آف اسرائیل اور یروشلم پوسٹ کے مطابق، میزائل رہائشی عمارتوں کے قریب گرا، جس سے قریبی گھروں کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایمرجنسی ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم کے مطابق، زخمیوں کو سوروکا میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں گزشتہ روز ایک اور ایرانی میزائل حملے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں میں ایران کے بھیجے گئے چار ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ ان میں سے ایک ڈرون کو حیفا کے اوپر، جبکہ باقی تین کو بحیرۂ مردار کے علاقے میں تباہ کیا گیا۔ فوج نے ان ڈرونز کی تباہی کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، جن میں واضح طور پر ڈرونز کو فضا میں نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان محاذ آرائی ایک کھلی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اسرائیلی دفاعی نظام کی بار بار ناکامی اور ایران کے بڑھتے ہوئے حملےخطے کو غیر معمولی خطرے میں ڈال رہے ہیں، خاص طور پر جب بات نیوکلیئر حساس علاقوں تک پہنچ جائے۔