تہران :ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دی ہے، مگر اب جب جنگ اس پر مسلط کردی گئی ہے تو اس کے خاتمے کا واحد راستہ دشمن کی جارحیت کا بلا مشروط خاتمہ ہے۔
تہران میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے حملے بند نہ ہوئے تو ایران اس بار مزید سخت، تیز، اور ناقابلِ تصور ردعمل دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے مذاکرات اور پرامن حل کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن اگر دشمن امن کی خواہش کو کمزوری سمجھے گا تو پھر جواب وہی ہوگا جو تاریخ یاد رکھے گی۔
صدر پزشکیان نے بین الاقوامی برادری کو بھی تنبیہ کی کہ وہ خطے کی صورتحال کو سنجیدگی سے لے اور جارح عناصر کو روکے، کیونکہ اگر حملے جاری رہے تو خطہ ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو سکتا ہے جہاں واپسی ممکن نہ ہو۔
ان کا بیان اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ ایران اب نہ صرف دفاع بلکہ فیصلہ کن اقدام کے لیے بھی تیار ہے۔