ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے زبردست اعصاب شکن مقابلے کے بعد فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
اس سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ مقررہ وقت کے اختتام پر تین تین گولز کے برابر اسکور کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا، جہاں پاکستان نے تین کے مقابلے میں دو گولز کرکے فتح اپنے نام کی۔
ابتدائی کوارٹر میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کرتی رہیں، مگر گول کیپرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت کوئی بھی ٹیم اس دوران اسکور نہ کر سکی۔ تاہم دوسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی فرانس نے اپنے کھیل میں تیزی لاتے ہوئے 10ویں منٹ میں پہلا گول داغ کر پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔
تیسرے کوارٹر میں فرانسیسی ٹیم نے مزید جارحانہ انداز اپنایا اور پانچویں منٹ میں ایک اور گول کر کے اپنی برتری کو 0-2 تک بڑھا دیا۔
اس موقع پر پاکستانی کھلاڑیوں نے حوصلے اور جذبے کی مثال قائم کرتے ہوئے مقابلے میں واپسی کا آغاز کیا۔ رانا وحید اشرف نے ساتویں منٹ میں ایک خوبصورت موو کے ذریعے پہلا گول کر کے ٹیم کے لیے امید کی کرن روشن کی۔
اس کے بعد پاکستان نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا—بارہویں منٹ میں خان سفیان نے پینلٹی پر گول کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں رانا وحید ایک بار پھر گول کرکے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلانے میں کامیاب ہو گئے۔
تاہم میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر کے اختتام سے محض چند لمحے پہلے فرانس کی طرف سے شارلٹ وکٹر نے ایک فیصلہ کن گول کر کے میچ کو ایک بار پھر برابر کر دیا، جس سے کھیل کا نتیجہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر منتقل ہو گیا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان کے گول کیپر نے شاندار کارکردگی دکھائی اور فرانس کے دو حملے روک کر ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔ پاکستانی ٹیم نے تین گول کیے جبکہ فرانسیسی ٹیم صرف دو گولز کر سکی۔
قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد اب وہ نیشنز کپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی ہے، جو 21 جون کو کھیلا جائے گا۔
دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور کوریا کے درمیان جو ٹیم کامیاب ہوگی، وہ فائنل میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔
فرانس اس وقت عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان نے اس ایونٹ میں دو درجے ترقی کے بعد تیرہویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اس ٹورنامنٹ کا فاتح نہ صرف چیمپئن بنے گا بلکہ پرو ہاکی لیگ کے اگلے سیزن میں شرکت کا اہل بھی قرار پائے گا، جو عالمی ہاکی کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔