ریاض: سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ ایران سے آنے والے عازمین حج کے لیے غیرمعمولی سہولیات اور خصوصی پروازوں کا انتظام کر رکھا ہے، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 3,900 ایرانی حجاج کو حرمین شریفین کی زیارت کے لیے لایا جا رہا ہے۔
یہ اقدامات ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی براہ راست ہدایات کے تحت کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ایران میں جاری صورتحال کے پیش نظر ایرانی زائرین کی تمام ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے اور ان کی وطن واپسی تک بلا تعطل خدمات فراہم کی جائیں۔
شاہی فرمان کے اطلاق کے لیے وزارتِ حج و عمرہ سمیت تمام متعلقہ ادارے ایرانی حجاج کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ حجاج کی آمدورفت کے لیے سعودی عرب مختلف روٹس استعمال کر رہا ہے، جن میں شمالی سعودی عرب کے عرعر ایئرپورٹ کا خصوصی ذکر کیا جا رہا ہے، جہاں سے زائرین عراق سے متصل جدی عرعر بارڈر کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسقط، عمان کے لیے بھی ایرانی حجاج کی منتقلی جاری ہے۔
سعودی عرب میں تعینات ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ
ایرانی حجاج کرام کے حوالے سے ہماری سعودی بھائیوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ہے اور ہم مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال مملکت میں داخل ہونے والے ایرانی حجاج کی تعداد تقریباً 76 ہزار رہی، جن کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے غیر معمولی سہولیات اور خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں رہائش، خوراک، طبی امداد، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی شامل ہیں۔
یہ جذبہ اسلامی بھائی چارے، خدمتِ حجاج اور انسانیت نوازی کی روشن مثال ہے، جو سعودی قیادت کے وژن اور مہمانِ خدا کی خدمت کے عزم کو واضح کرتا ہے