اسلام آباد:اسلام آباد کی سیاسی فضا اُس وقت خوشگوار سفارتی رنگ اختیار کر گئی جب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر سعودی شوریٰ کونسل کا اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا۔ وفد کی قیادت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمان بن سنہت الحربی نے کی،جن کے ہمراہ شوریٰ کونسل کے معزز اراکین ڈاکٹر ایمان بنت عبدالعزیز الجبرین اور انجینیئر سالم بن علی الشہرانی بھی موجود تھے۔
وفد کا پرتپاک استقبال ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کیا، جن کے ہمراہ سحر کامران، رعنا انصر، ڈاکٹر شازیہ، ثوبیہ سومرو، مرزا اختیار بیگ، مسرت رفیق مہیسر، میاں خان بگٹی، شاہدہ رحمانی اور دیگر نمایاں اراکین بھی موجود تھے۔ سعودی مہمانوں کو پارلیمنٹ کی کارروائی، قانون سازی کے عمل اور ایوان کے تاریخی پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی گئی، جسے انہوں نے نہایت دلچسپی سے سنا اور پاکستانی جمہوری نظام کو سراہا۔ اس موقع پر سعودی وفد نے پاکستانی پارلیمان کی مہمان نوازی کو "قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش تجربہ” قرار دیا۔
دورے کے اختتام پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، شزہ فاطمہ خواجہ، شائستہ پرویز ملک، سید نوید قمر، عامر مگسی، اسد عالم نیازی اور زیب جعفر سمیت اہم قومی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، عوامی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اس دورے کو پاک-سعودی برادرانہ تعلقات میں ایک سنگِ میل قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعاون مزید گہرا اور مضبوط ہوگا۔
اختتام پر سعودی وفد کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جو دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد، احترام اور اخوت کے پائیدار رشتے کی علامت تھیں۔