ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روز تک جاری رہنے والی شدید جنگ کے بعد اب دونوں ممالک نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے، لیکن اس مختصر جنگ نے دونوں اطراف شدید نقصانات چھوڑے ہیں۔
اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق، ان 12 دنوں میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک اور 3,238 شہری زخمی ہوئے، جن میں سے 23 کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے 550 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن میں سے صرف 31 میزائل آبادی والے علاقوں میں گرے، مگر ان چند میزائلوں نے بھی شدید تباہی مچائی۔ ساتھ ہی ایران نے تقریباً ایک ہزار ڈرونز فضا میں بھیجے، جن میں سے بیشتر راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے، لیکن بیت شان میں ایک ڈرون ایک گھر سے ٹکرا گیا۔
اسرائیلی ٹیکس اتھارٹی نے ان حملوں سے املاک کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 1.47 ارب ڈالر لگایا ہے اور بتایا ہے کہ یہ نقصان اسرائیل کے جدید ترین دفاعی نظام کے باوجود ہوا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کی فنانس کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس حد تک مالی نقصانات میزائل حملوں کے نتیجے میں دیکھے گئے ہیں۔ یہ جنگ تب ختم ہوئی جب امریکا اور قطر کی ثالثی کے ذریعے دونوں ممالک نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔ یہ جنگ اگرچہ ختم ہو چکی ہے، مگر اس کے اثرات اور نقصانات طویل عرصے تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔