حج 2025 کے دوران مکہ ہیلتھ کلسٹر کی جانب سے فراہم کردہ نجی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات نے ایک نئی کامیابی کی تاریخ رقم کر دی، جب حجاج کی اطمینان کی شرح ریکارڈ 97.7 فیصد تک جا پہنچی۔ یہ اعداد و شمار خصوصی پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کیے گئے، جو مریضوں کے تجربے کو خاص طور پر ہسپتالوں میں داخل مریضوں اور ایمرجنسی خدمات کے دائرہ کار میں جانچنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
حاجیوں کی رائے کو جاننے کے لیے QR کوڈ پر مشتمل ایک جدید سسٹم استعمال کیا گیا، جسے حاجی خود، یا تربیت یافتہ رضاکار، اسکاؤٹس اور اسپتال عملہ اسکین کرتے تھے، اور یہ سہولت آٹھ مختلف زبانوں میں دستیاب تھی تاکہ ہر قومیت کے حاجی اپنی رائے باآسانی درج کر سکیں۔
مکہ ہیلتھ کلسٹر نے مزید انکشاف کیا کہ حجاج کی آسانی اور سروس فلو کو بہتر بنانے کے لیے "طبی سفر کا نقشہ” نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا، جس سے نہ صرف غیر ضروری اسٹاپ کم ہوئے بلکہ شناختی کارڈز کے ذریعے تیز ترین سروس فراہم کرنا ممکن ہو سکا۔ اس حکمتِ عملی کے نتیجے میں انتظار کے وقت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جسے حجاج نے دل سے سراہا۔
اس شاندار کارکردگی میں ایک اور قابلِ ذکر پہلو سعودی وزارت صحت کے 5000 سے زائد ہیلتھ رضاکاروں کی خدمات تھیں، جنہوں نے جذبۂ خدمت اور انسانی ہمدردی کے ساتھ حاجیوں کو طبی سہولیات فراہم کیں۔ سعودی حکومت کی اس جدید، انسان دوست اور تکنیکی طور پر مربوط طبی حکمتِ عملی نے حج سیزن کے دوران صحت کی سہولیات کے عالمی معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔