فٹبال کی دنیا کے لیجنڈ، پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی مقبولیت اور صلاحیتوں کا سورج ابھی غروب نہیں ہوا۔ رونالڈو نے سعودی عرب کے مشہور فٹبال کلب النصر سے مزید دو سال کے لیے نیا معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت وہ سال 2027 تک اس کلب کا حصہ رہیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس نئے معاہدے کی مالیت 188 ملین یورو سالانہ ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 61 ارب 50 کروڑ روپے بنتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رونالڈو کو روزانہ کی بنیاد پر 16 کروڑ 84 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا، جو انہیں دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں سرفہرست رکھتا ہے۔
یاد رہے، رونالڈو نے 2022 میں النصر سے پہلا معاہدہ کیا تھا، اور اب اس معاہدے میں توسیع سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی فٹبال لیگ دنیا کے بڑے اسٹارز کے لیے نہ صرف مالی بلکہ فنی طور پر بھی پرکشش مقام بنتی جا رہی ہے۔ رونالڈو کی موجودگی نہ صرف النصر کلب کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ یہ پورے مشرق وسطیٰ کی فٹبال انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی موقع بھی ہے۔