دنیا کے معروف بزنس ٹائیکون اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے ایک حیران کن پیش رفت میں لبنان کے ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سیکٹر میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ یہ انکشاف لبنانی صدر جوزف عون کی جانب سے سامنے آیا، جنہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز مسک کی کمپنی اسٹار لنک کے گلوبل ڈائریکٹر آف لائسنسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ سے ملاقات میں اس موضوع پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اور جمعرات کو ایلون مسک سے فون پر براہ راست بات چیت میں انہوں نے بیروت کا ممکنہ دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ لبنان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے بے پناہ مواقع ہیں، اور وہ مستقبل قریب میں اس شعبے میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔
لبنانی صدر نے نہ صرف اس دلچسپی کا خیر مقدم کیا بلکہ یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ قانونی اور ریگولیٹری دائرہ کار میں رہتے ہوئے حکومت تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ اگر یہ منصوبہ عملی جامہ پہنتا ہے تو لبنان کی ڈیجیٹل ترقی کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔