سعودی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ کے مشرق میں واقع کفر مالک گاؤں پر اسرائیلی آباد کاروں کے حالیہ حملوں اور قابض فوج کی پشت پناہی میں جاری تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مملکت نے واضح کیا کہ نہتے فلسطینی شہریوں پر یہ ظلم عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ سعودی عرب نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا، ان کے گھروں کو مسمار کرنا اور انہیں بے گھر کرنا اسرائیلی ریاست کی منظم جارحیت کا حصہ ہے، جس کی عالمی برادری کو فوری روک تھام کرنی چاہیے۔
مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرے اور فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دلوانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔ سعودی عرب نے فلسطینی شہریوں کے تحفظ، انسانی وقار کی بحالی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔