سوات دریا میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب میں 17 سیاح بہہ گئے، جس پر پوری قوم سوگوار ہے، اور کرکٹ اسٹارز غم و غصے سے بھرے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ بولر میر حمزہ نے حکومتِ خیبرپختونخوا اور ریسکیو اداروں کی بے حسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
شاہد آفریدی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دل سوز انداز میں لکھامعصوم لوگ آخری لمحے تک مدد کا انتظار کرتے رہے، لیکن نہیں جانتے تھے کہ ان کی حفاظت کے ذمہ داروں کی ترجیحات کچھ اور تھیں۔
دوسری جانب میر حمزہ تو ویڈیو تک نہ دیکھ سکے اور جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا یہ کوئی حادثہ نہیں، یہ سسٹم کی مکمل ناکامی ہے ہمارے نظام کا زوال انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ جو لوگ ذمہ دار ہیں، ان کو سزا ملنی چاہیے، بہت شرم کی بات ہے
حادثے کے بعد ریسکیو اداروں نے 4 سیاحوں کو زندہ بچایا، 11 کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 3 اب بھی لاپتہ ہیں۔ لیکن عوامی سطح پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ یہ جانیں شاید بچائی جا سکتی تھیں اگر بروقت اور مؤثر ریسپانس دیا جاتا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حکومت پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی تیاری ناکافی تھی اور ردعمل میں شدید تاخیر ہوئی، جس نے انسانی جانوں کا ضیاع بڑھا دیا۔
یہ واقعہ صرف ایک قدرتی آفت نہیں، بلکہ ایک المیہ ہے جو ہمارے سسٹم کے مردہ ضمیر کو بے نقاب کرتا ہے۔ عوام، کرکٹرز اور سماجی کارکنان سب مطالبہ کر رہے ہیں: اب صرف افسوس نہیں، جواب دہی چاہیے