واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے انہیں موت سے بچایا، مگر انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہ کیا۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے ایرانی قیادت کے رویے کو "غیر اخلاقی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے اسرائیل کے خلاف نام نہاد فتح کے دعوے جھوٹ اور بے وقوفی پر مبنی ہیں۔
میں جانتا تھا وہ کہاں چھپے تھے، مگر میں نے اسرائیلی یا امریکی فوج کو ان پر حملے کی اجازت نہیں دی، میں نے انہیں بچایا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران عالمی نظام میں واپسی کا ایک نادر موقع کھوچکا ہے
میں پابندیاں ہٹانے اور اقتصادی بحالی کے لیے کام کر رہا تھا، مگر ایرانی قیادت کے نفرت انگیز بیانات نے سب کچھ روک دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران نے سنجیدگی نہ دکھائی تو مزید سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ کے اس بیان نے دنیا بھر میں نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے، اور سفارتی حلقوں میں اسے دباؤ کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے