اسلام آباد:پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے فضائی کارگو کے چارجز میں حیران کن طور پر 100 گنا تک اضافہ کر دیا ہے، جس سے اندرون و بیرون ملک کرنے والے مسافروں، تاجر برادری، اور پالتو جانور رکھنے والوں کو زبردست مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نئے نرخ نامے میں پالتو پرندوں، بلی، کتے، پان کے پتے اور جنرل کارگو کے چارجز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
ائیرپورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق، پالتو پرندوں کو پروازوں میں لے جانے پر اب 50 فیصد زیادہ چارجز ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ایئرکارگو چارجز میں 100 گنا اضافے کے بعد یہ ریٹس عام مسافروں اور درآمد و برآمد کرنے والوں کے لیے شدید تشویش کا باعث بن چکے ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ پانچ سال کے بعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہوائی اڈوں پر کارگو خدمات کی بہتری اور مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم، معاشی دباؤ اور مہنگائی کے دور میں یہ اضافہ مختلف حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بن رہا ہے۔
تاجر تنظیموں نے اسے کاروباری سرگرمیوں پر کاری ضرب قرار دیا ہے، جبکہ عام شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ہوائی سفر ایک مہنگا ذریعہ ہے، اب کارگو چارجز میں اضافے نے اسے مزید ناقابلِ رسائی بنا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پرانے کارگو ریٹس کئی سالوں سے تبدیل نہیں کیے گئے تھے، لیکن موجودہ مہنگائی اور ایوی ایشن آپریشنز کے بڑھتے اخراجات کے پیش نظر ائیرپورٹ اتھارٹی نے یہ فیصلہ کیا۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ اتھارٹی عوامی ردعمل کے پیش نظر کسی قسم کی نرمی پر آمادہ ہوتی ہے یا نہیں۔