ریاض ; عالمی فٹبال کے دیوانوں کے لیے ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔ معروف سعودی اسپورٹس اینکر عبدالرحمن الحمیدی نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا کے مایہ ناز فٹبالر لیونیل میسی نے سعودی پروفیشنل لیگ میں کھیلنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ یہ انکشاف الحمیدی نے گزشتہ شب ایک مقبول اسپورٹس پروگرام میں کیا، جس نے فٹبال حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
سعودی ویب سائٹ "سبق” کے مطابق الحمیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معلومات انہیں اپنے باوثوق اور قریبی ذرائع سے حاصل ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق میسی نے سعودی عرب میں فٹبال کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، تاہم وہ اب تک یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ وہ کون سے سعودی کلب کی نمائندگی کریں گے۔
الحمیدی کا مزید کہنا تھا کہ میسی کے ممکنہ معاہدے کے حوالے سے تیزی سے پیشرفت جاری ہے، اور مذاکرات کئی سطحوں پر چل رہے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے، تو یہ سعودی فٹبال لیگ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا، جو پہلے ہی کرسٹیانو رونالڈو، کریم بینزیما، اور انگولو کانتے جیسے اسٹار کھلاڑیوں کو اپنی طرف متوجہ کر چکی ہے۔
میسی کی موجودگی نہ صرف سعودی لیگ کے معیار میں اضافہ کرے گی بلکہ یہ مملکت کے وژن 2030 کے تحت سپورٹس اور سیاحت کے شعبے میں ترقی کے اہداف کو بھی تقویت دے گی۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر کے شائقین میسی کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں مصروف ہیں، خاص طور پر انٹر میامی کے ساتھ ان کے حالیہ تجربے کے بعد، جس نے ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ سعودی کلبز کے درمیان مسابقت بھی اس وقت عروج پر ہے، اور ہر کوئی چاہتا ہے کہ میسی ان کی نمائندگی کرے۔