اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پاکستانی فوج کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے، حتیٰ کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے پسِ پردہ بھی ’وردی‘ یعنی پاکستانی افواج کا اثر و رسوخ موجود ہے۔ اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بین الاقوامی سیز فائر کے لیے اہم کردار ادا کیا، اور حکومت ملک میں داخلی امن کے لیے علما کرام سے قریبی مشاورت اور تعاون جاری رکھے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کا قیام صرف سیکیورٹی اداروں سے نہیں، بلکہ علما کرام کے تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ علما کا معاشرتی اور روحانی کردار نہایت اہم ہے، اور ان کے بغیر ہم پائیدار ہم آہنگی حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے خطیب بادشاہی مسجد اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کا حکومت سے تعاون مسلسل قائم رہا۔
وزیر داخلہ نے قومی دفاع کی حالیہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی افواج کے داغے گئے تمام میزائل اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ پاکستان نے دانستہ طور پر بھارتی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، کیونکہ ہم امن کے داعی ہیں اور دشمن کے غیر انسانی ہتھکنڈوں میں شریک نہیں ہونا چاہتے۔
اجلاس میں موجود ممتاز مذہبی رہنما مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی پاکستان کے دشمنوں کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر پاکستان پر جنگ مسلط کرنا چاہتے تھے، اللہ تعالیٰ نے انہیں عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ مولانا کا کہنا تھا کہ دشمن نہ صرف جھوٹا بلکہ مکار بھی ہے، جو ہمیشہ سازشوں کے ذریعے ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہا، مگر پاکستانی قوم نے ہر موقع پر اتحاد اور یکجہتی سے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
مولانا عبدالخبیر نے واضح کیا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم متحد تھی اور یہی اتحاد دشمن کی شکست کا اصل سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے حوصلے بلند ہیں اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں یقین، اتحاد اور عزم کی جیت ہوئی، جس نے پوری قوم کو ایک پیج پر کھڑا کر دیا۔
علما سے خطاب کے دوران محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے علما سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔