نیویارک :امریکی سیاست میں تناؤ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب نیویارک کی میئر شپ کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے انکشاف کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں گرفتار کرنے، ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ممدانی نے کہا کہ ان پر یہ حملے صرف اس لیے ہو رہے ہیں کیونکہ وہ نیویارک کے محنت کش طبقے کے مسائل اور مہنگائی جیسے عوامی مسائل پر کھل کر بات کر رہے ہیں، جو صدر ٹرمپ کی مہم کی ناکامیوں کو اجاگر کرتے ہیں۔
ظہران ممدانی، جو نیویارک کے معروف ترقی پسند رہنماؤں میں سے ایک ہیں، نے واضح الفاظ میں کہا کہ ٹرمپ مجھے خاموش نہیں کرا سکتے۔ میں ان ہزاروں افراد کی آواز بنوں گا جو نیویارک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں، صرف اس لیے کہ زندگی یہاں ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ان پر ذاتی حملے کر رہے ہیں، بالخصوص اس وعدے سے انحراف کے بعد جو انہوں نے مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے کیا تھا۔
دوسری طرف صدر ٹرمپ نے ایک متنازع بیان میں کہا کہ اگر ظہران ممدانی نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE)کے عمل میں رکاوٹ ڈالی تو انہیں گرفتار کیا جائے گا، اور ان کے حمایتیوں کو "پاگل” قرار دیا۔
یہ تنازع امریکی انتخابات کے پیشِ نظر مزید گرما گیا ہے، جب اقلیتوں، تارکین وطن، اور مڈل کلاس کے مسائل بڑے انتخابی نکتوں کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ ممدانی نے ٹرمپ کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ ہر دھمکی کا جمہوریت اور عوامی طاقت سے مقابلہ کریں گے۔