اسلام آباد:وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف حکومتی مؤقف نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی اجتماعی آواز ہے، اور اس پالیسی میں رتی برابر تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے عرب ممالک معاہدہ ابراہیمی کے تحت اسرائیل سے تعلقات استوار کریں یا نہ کریں، پاکستان کا راستہ جدا ہے۔ ہم اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر طارق فضل نے واضح کیا کہ حکومت کوئی ایسا فیصلہ کر ہی نہیں سکتی جو عوامی جذبات کے منافی ہو۔ یہ نہ صرف ریاستی سطح کی پالیسی ہے بلکہ پاکستانی قوم کے دل کی آواز ہے، ہم اس میں کوئی لچک نہیں دکھا سکتے۔
اس موقع پرپروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نثار جٹ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر مکمل ہم آہنگی رکھتی ہیں۔ یہ مسئلہ سیاست سے بالاتر ہے، یہ قومی غیرت، اصول اور نظریاتی بنیادوں سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ کچھ عرب ممالک جیسے متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے اسرائیل سے تعلقات قائم کر لیے ہیں، لیکن پاکستان کی پوزیشن ہمیشہ واضح اور غیر مبہم رہی ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور مکمل آزاد ریاست کے قیام تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اتفاقِ رائے پاکستان کے اندرونی سیاسی اختلافات کے باوجود ایک نادر مثال ہے جہاں تمام جماعتیں اور عوام یکساں مؤقف پر کھڑی ہیں۔