سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین کی خدمت میں غفلت اور مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی پر دو عمرہ کمپنیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق، وزارتِ حج نے اس سال عمرہ سیزن کے دوران واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ تمام منظور شدہ عمرہ کمپنیاں زائرین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں کے حوالے سے اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔
ان ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے وزارت نے ایک خصوصی تفتیشی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مکمل جائزہ لے رہی ہے۔
کمیٹی کی جانب سے جاری رپورٹ میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ مذکورہ دو کمپنیاں رہائشی سہولیات کے مقررہ معیار پر پوری نہیں اتریں۔ اس رپورٹ کی روشنی میں متعلقہ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
دونوں کمپنیوں کے ذمے داران کو وضاحت کے لیے طلب کیا گیا ہے، جب کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے واضح کر دیا ہے کہ آئندہ کسی بھی کمپنی کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں لائسنس کی معطلی اور مالی جرمانے بھی شامل ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ایک مرتبہ پھر متنبہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نہ صرف مقررہ ضوابط کی مکمل پابندی کریں بلکہ زائرین کے آرام، تحفظ اور سہولت کو ہر صورت اولین ترجیح دیں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ عمرہ زائرین کی خدمت ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہے۔