جدہ :سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید ترین نظاموں کے عملی جائزے کے لیے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی نے جدہ میں واقع دوسری فضائی دفاعی گروپ اور فضائی دفاعی فورسز کے تربیتی ادارے کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس اہم دورے کا مرکزی نقطہ امریکی ساختہ جدید ترین دفاعی نظام THAAD (تھاڈ) یونٹ کا آپریشنل معائنہ اور اس کی کارکردگی کا مشاہدہ تھا۔
نیوزکے مطابق، جنرل الرویلی کو یونٹ کی آپریشنل سرگرمیوں، خطرے کی شناخت، ہدف کو ٹریک کرنے، اور میزائل دفاعی ردعمل کی مکمل حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
اس دوران تھاڈ نظام کی ٹیکنالوجی، فائرنگ کی تیاری، ہدف پر درستگی، اور دفاعی دائرے کو مؤثر بنانے کے تمام پہلوؤں پر اعلیٰ سطحی افسران نے روشنی ڈالی۔
جنرل الرویلی نے یونٹ کے شاندار نظم و ضبط، فوری ردعمل کی اہلیت اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی افواج کی تربیت، نظم اور جذبہ قابلِ فخر ہے، اور عالمی معیار کے جدید ہتھیاروں کا استعمال ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دورے کے دوران جنرل الرویلی نے یونٹ کے تربیتی نظام، ہالز، تکنیکی لیبارٹریوں، اور اجتماعی مشقوں کے جاری پروگرامز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دفاعی تیاریاں صرف ہتھیاروں پر نہیں بلکہ مسلسل تربیت، نظم و ضبط اور قومی جذبے پر مبنی ہوتی ہیں۔
دورے کے اختتام پر جنرل فیاض الرویلی نے تھاڈ یونٹ کے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں، جو ان کے حوصلے اور عزائم کا مظہر تھیں۔