جالندھر:دنیا کے سب سے عمر رسیدہ میراتھن رنر، سردار فوجا سنگھ 114 برس کی غیر معمولی عمر میں ایک سڑک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ وہ بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع جالندھر میں واقع اپنے آبائی گاؤں بیاس پنڈ میں سڑک عبور کرتے ہوئے ایک کار سے ٹکرا گئے۔ ان کی موت کی تصدیق لندن میں قائم ان کے رننگ کلب اور چیریٹی "سکھ ان دی سٹی” نے کی، جس نے اعلان کیا کہ ان کے آئندہ تمام ایونٹس لیجنڈ فوجا سنگھ کی زندگی اور کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وقف کر دیے گئے ہیں۔
فوجا سنگھ، جنہیں دنیا "رننگ بابا” کے نام سے جانتی تھی، نے اپنی پہلی میراتھن اس وقت مکمل کی جب ان کی عمر 89 سال تھی۔ وہ 2000 میں لندن میں چھ گھنٹے 54 منٹ میں اپنی پہلی میراتھن مکمل کر کے دنیا کی توجہ کا مرکز بنے۔ ان کے اس ریکارڈ نے 90 سال سے زائد عمر کے زمرے میں سابقہ عالمی وقت کو 58 منٹ سے پیچھے چھوڑ دیا۔
ان کا ذاتی بہترین ریکارڈ 2003 میں ٹورانٹو واٹر فرنٹ میراتھن میں سامنے آیا، جو انہوں نے پانچ گھنٹے اور 40 منٹ میں مکمل کی۔ وہ 16 اکتوبر 2011 کو پہلے سینٹینریئن (100+ سالہ) انسان بنے جنہوں نے مکمل میراتھن ریس مکمل کی، اگرچہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پیدائش کے سرکاری ثبوت نہ ہونے کے باعث اس ریکارڈ کو رسمی طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم ان کے پاسپورٹ، خاندانی گواہی اور ملکہ الزبتھ دوم کے طرف سے ان کے 100ویں سالگرہ پر بھیجے گئے ذاتی خط نے ان کے دعوے کو درست مانا۔
فوجا سنگھ 1911 میں برطانوی ہندوستان کے پنجاب میں پیدا ہوئے، اور بچپن میں ان کی صحت کمزور تھی حتیٰ کہ وہ پانچ سال کی عمر تک چل بھی نہیں سکتے تھے۔ بعدازاں،انہوں نے زندگی کے ہر مرحلے پر ثابت کیا کہ حوصلہ، خوداعتمادی، سادہ طرز زندگی اور مستقل مزاجی سے کوئی بھی انسان دنیا کو حیران کر سکتا ہے۔
فوجا سنگھ نے اپنی بیوی کی وفات کے بعد بیٹے کے ساتھ لندن کے علاقے ایلفرڈ میں سکونت اختیار کی اور وہیں سے اپنی رننگ کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں مشعل بردار بھی بنے اور 101 سال کی عمر میں دوڑنے سے باضابطہ ریٹائر ہو گئے۔
ان کے کوچ ہارمنڈر سنگھ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوجا سنگھ ایک روشن مثال تھے۔ انسانیت کا آئیکون، جو مثبتیت کی طاقت سے بھرا ہوا تھا۔ ہم ان کی وراثت کو زندہ رکھنے کے لیے ‘فوجا سنگھ کلب ہاؤس’ کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں دوگنا کریں گے۔
معروف برطانوی رکنِ پارلیمان پریت کور گل اور جس آتھوال ایم پی نے بھی سوشل میڈیا پر ان کی وفات پر گہرے دکھ اور خراجِ عقیدت کا اظہار کیا۔پریت گل نے کہا کہ عمر صرف ایک عدد ہے، لیکن رویہ سب کچھ ہے،جبکہ جس آتھوال نے کہا کہ فوجا سنگھ جی لیجنڈ تھے ایک ایسا شخص جو 101 سال تک دوڑتا رہا۔ وہ پوری دنیا کے لیے تحریک تھے