ریاض: سعودی وزارتِ بلدیات نے تمباکو نوشی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے عام بقالوں (کریانہ اسٹورز) اور کینٹینز میں سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارت نے تمباکو مصنوعات کی خرید و فروخت سے متعلق نئے سخت ضوابط جاری کیے ہیں جن کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور تمباکو نوشی کی روک تھام ہے۔
وزارت کے مطابق، اب تمباکو مصنوعات صرف مخصوص اور منظور شدہ معیار کی حامل جگہوں پر فروخت کی جا سکیں گی، جبکہ عام دکانوں میں ان کی فروخت غیر قانونی ہوگی۔
ضوابط میں واضح کیا گیا ہے کہ تمباکو مصنوعات کو کھلے عام رکھنا ممنوع ہے، اور انہیں مکمل طور پر صارفین کی نظروں سے اوجھل، بند درازوں میں محفوظ رکھا جائے گا۔
وزارت نے دکانداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خریدار سے اس کی عمر ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ طلب کر سکتے ہیں، کیونکہ اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنا ممنوع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فروخت کی جگہ پر واضح وارننگ بورڈز لگانا بھی لازم قرار دیا گیا ہے جن میں تمباکو نوشی کے نقصانات کی تصویری وضاحت اور تنبیہی جملے شامل ہوں گے۔
وزارت نے تمام سرکاری اور نجی اداروں میں بھی سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے، اور ہدایت کی ہے کہ "تمباکو نوشی منع ہے کے نمایاں بورڈز ہر مقام پر آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ تمباکو مصنوعات کی کسی بھی صورت میں تشہیر یا ترویج پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔