ریاض:انسانیت، رحم دلی اور بروقت طبی امداد کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے سعودی عرب کی بین الاقوامی امدادی ایجنسی شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز نے غزہ پٹی سے تعلق رکھنے والی نو سالہ فلسطینی بچی کے دماغ کی رسولی (Brain Tumor) کا کامیاب آپریشن مکمل کروایا۔
اس بچی کو اس کے شدید اور بگڑتے ہوئے طبی حالات کے باعث فوری علاج کی ضرورت تھی، جس کی اطلاع ملتے ہی شاہ سلمان مرکز حرکت میں آ گیا۔
مرکز کو موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹس سے ظاہر ہوا کہ بچی کو فوری آپریشن کی ضرورت ہے ورنہ دماغی رسولی مہلک ثابت ہو سکتی تھی۔ مرکز نے تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود تیزی سے انتظامات کیے اور بچی کو فلسطین سےاردن کے دارالحکومت عمان میں قائم "الملک الحسین کینسر سینٹر” میں منتقل کیا۔
الحسین سینٹر میں اعلیٰ مہارت رکھنے والے ماہرین کی زیرنگرانی بچی کا آپریشن کیا گیا جو کہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔ بچی اب روبصحت ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق اسے خطرے سے باہر قراردے دیا گیا ہے۔
یہ امدادی قدم صرف ایک بچی کی جان بچانے تک محدود نہیں بلکہ شاہ سلمان مرکز کی انسانی ہمدردی پر مبنی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جو فلسطینی بھائیوں کے لیے عرصہ دراز سے جاری ہیں۔ اس مشن کے تحت غزہ و دیگر فلسطینی علاقوں میں متاثرہ افراد کو نہ صرف طبی سہولیات بلکہ خوراک، رہائش،تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
شاہ سلمان مرکز کے اس عظیم قدم کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب امت مسلمہ کے لیے نہ صرف ایک مضبوط سیاسی مرکز ہے بلکہ ایک ہمدردانہ دل رکھنے والا فلاحی ستون بھی ہے۔