ریاض :عرب کی "وصل کمیونٹی” کے زیر اہتمام 13 سے 18 جولائی کے دوران ریاض کے معروف "پیور مائنڈز اسٹوڈیوز” میں نوجوانوں کے لیے ایک بھرپور اور منفرد میڈیا تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک ہزار سے زائد یونیورسٹی طلبہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد میڈیا اور کمیونیکیشن کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو جدید ابلاغی مہارتوں سے آراستہ کرنا، ان کے وژن کو وسعت دینا اور انہیں بااختیار بنانا تھا۔
ورکشاپ میں شامل سیشنز میں ترجمانی کی پیشہ ورانہ تربیت، اسٹریٹجک کمیونیکیشن، نیوز رپورٹنگ، فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے جدید تقاضوں سے آگاہی شامل تھی۔ ماہر میڈیا ٹرینرز اور تجربہ کار اساتذہ نے شرکاء کو نہ صرف نظریاتی علم فراہم کیا بلکہ عملی مشقوں کے ذریعے بھی ان کی استعداد کو نکھارا۔ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ابلاغی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری اور اس میں کریئر بنانے کے مواقع تلاش کرنے کا عملی موقع فراہم کیا گیا۔
وصل کمیونٹی کے سربراہ محمد الرازقی نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد صرف ہنر سکھانا نہیں بلکہ نوجوانوں کو بااعتماد، خودمختار اور معاشرتی طور پر مؤثر بنانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان میڈیا کو صرف ایک ذریعہ ابلاغ کے طور پر نہیں بلکہ معاشرتی تبدیلی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا سیکھیں۔
یہ ورکشاپ سعودی عرب میں میڈیا تربیت کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا ادراک ہوا بلکہ وہ ابلاغی میدان میں اپنا مقام بنانے کے لیے بھی پرعزم دکھائی دیے۔ وصل کمیونٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی ایسے تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل کو ابلاغی میدان میں کامیابی کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔