برطانیہ میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025 میں پاک فضائیہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دو عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے۔
اس ایئر شو میں پاکستان کے ’سی 130 ہرکولیس‘ اور ’جے ایف 17 سی بلاک تھری‘ طیاروں نے اپنی شاندار کارکردگی، دلکش ظاہری ڈیزائن اور تکنیکی مہارت کے بل بوتے پر دنیا بھر سے آنے والے ماہرین، شائقین اور ججز کے دل جیت لیے۔
سی 130 ہرکولیس طیارے کو "ہدف پر جھپٹنے کے لیے تیار عقاب” کی تھیم پر ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس منفرد آرٹ ورک، شاندار پریزنٹیشن اور فلائٹ ڈسپلے پر اسے "کونکرس ڈی ایلیگینس ٹرافی” سے نوازا گیا—جو ایئر شو میں سب سے خوبصورت اور جاذبِ نظر طیارے کو دی جاتی ہے۔
دوسری جانب جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3، جو پاکستان کی جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرتا ہے، نے مسلسل نان اسٹاپ ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے ذریعے پاکستان سے برطانیہ تک کامیاب پرواز کی اور شاندار اڑان بھرنے پر "اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی” جیت لی۔ یہ ایوارڈ بہترین پرواز، مہارت اور تکنیکی ہم آہنگی کا اعتراف ہے۔
یہ عظیم کامیابی نہ صرف پاکستان کی فضائی قوت کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ مہارت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کا ایوی ایشن شعبہ تکنیکی ترقی میں کسی سے پیچھے نہیں۔
ایئر شو میں شریک بین الاقوامی مبصرین اور ماہرین نے پاک فضائیہ کے معیار، پیشہ ورانہ تیاری اور عزم کو سراہا۔
یہ کامیابیاں پاکستان کے لیے ایک سفارتی، دفاعی اور تکنیکی فخر کی علامت ہیں اور نوجوانوں کے لیے ایک نیا حوصلہ اور ولولہ پیدا کرتی ہیں۔