خلیج تعاون کونسل (GCC) کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد بدیوی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ پر جاری غیر انسانی، غیر قانونی اور ظالمانہ محاصرے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے کھلی جنگی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جاسم بدیوی نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کو روکنے کی پالیسی نے وہاں سنگین انسانی بحران کو جنم دیا ہے، جو قحط، طبی سامان کی قلت اور غذائی کمی کی شکل میں ایک انسانی المیے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی انسانی قوانین، جنیوا کنونشنز اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ عمل پوری عالمی برادری کے لیے ایک براہ راست چیلنج ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بدیوی نے مزید کہا کہ خلیج تعاون کونسل اسرائیل کو غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کا مکمل اور براہ راست ذمہ دار سمجھتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کے نہتے شہریوں کو اجتماعی بھوک کا شکار بنانا ایک جنگی جرم ہے، جس پر بین الاقوامی سطح پر فوری اور ٹھوس کارروائی ہونی چاہیے۔
سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں اور دنیا کے تمام ممالک سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس وحشیانہ محاصرے کے خاتمے کے لیے فوری، عملی اور مؤثر اقدامات کریں، قتل عام اور قحط کو روکا جائے، انسانی امداد کے داخلے کو یقینی بنایا جائے اور تمام راستے کھولے جائیں تاکہ معصوم فلسطینی شہریوں کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔