دمشق: سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر شام کے دارالحکومت دمشق میں سعودی شامی سرمایہ کاری فورم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ فورم دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور علاقائی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔
اس اعلیٰ سطحی فورم میں سعودی عرب اور شام کے سرکاری و نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام، تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون سے نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ پورے خطے میں اقتصادی استحکام آئے گا۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے ایک بڑی پیش رفت میں اعلان کیا گیا کہ شامی اور سعودی تاجروں کے لیے خصوصی سفری اجازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ براہ راست دورے کرکے سرمایہ کاری کے مواقع کا خود جائزہ لے سکیں۔ اس اقدام سے کاروباری رابطے مزید مضبوط ہوں گے اور اعتماد کی فضا بحال ہوگی۔
شام میں جاری اقتصادی و سیاسی اصلاحات کا مقصد مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ، شفاف اور پرکشش ماحول مہیا کرنا ہے۔ شامی حکومت شہری ہوابازی، سیاحت، توانائی، صنعت اور نقل و حمل جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے کے لیے پرعزم ہے۔
فورم سے قبل سعودی تاجروں کے ایک اہم وفد نے شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، تجارتی امکانات اور مستقبل کے اشتراکی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے شام میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور انہیں ایک ’’نئے شراکتی دور‘‘ کا آغاز قرار دیا۔