اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےملک میں مالی شمولیت کےفروغ اور بینکاری نظام کوعام شہریوں کےلیےمزیدسہل بنانےکےلیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔مرکزی بینک نےتمام بینکوں اورمالیاتی اداروں کو ہدایت دی ہےکہ نئے بینک اکاؤنٹ کھولنے کا عمل زیادہ سے زیادہ دو دن میں مکمل کیا جائے۔ یہ قدم نہ صرف صارفین کی سہولت کے لیے ہے بلکہ بینکاری نظام پر اعتماد بحال کرنے اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
نئے فریم ورک کے تحت صارفین کو اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کی آن لائن ٹریکنگ سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ اس کا مقصد عمل کو شفاف، قابلِ اعتماد اور صارف دوست بنانا ہے۔ اب ہرشخص جان سکےگا کہ اس کی درخواست کہاں تک پہنچی ہےاورکب مکمل ہوگی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اب فری لانسرز، اوورسیز پاکستانی، ترسیلات وصول کرنے والے اور برانچ لیس بینکاری صارفین سمیت تمام طبقات کے لیے ڈیجیٹل طریقے سے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل انتہائی آسان اور محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ تمام ضروری معلومات اور دستاویزی تقاضے بھی معقول اور محدود کر دیے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے مالیاتی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریٹیل دکانوں، آن لائن کاروبار اور چھوٹے تاجروں کوکم از کم ایک ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ لازمی فراہم کریں۔جیسےکہ راست QR کوڈ، POS مشین یا ای کامرس چیک آؤٹ سسٹم۔ اس کا مقصد نقدی کے استعمال میں کمی اور ٹرانزیکشنز میں شفافیت لانا ہے۔
مرکزی بینک نے مالیاتی اداروں کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ مائیکرو، چھوٹے اور رجسٹرڈ کاروباروں کی درجہ بندی کریں اور ان کے لیے کم لاگت، آسان اور ڈیجیٹل پوائنٹس آف سیل (POS) کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ چھوٹے تاجر بھی جدید مالیاتی نظام سےجڑسکیں۔