ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں واقع کپیٹل سینڈز سپورٹس پارک، سپورٹس بولیوارڈ پروجیکٹ کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو قدرتی صحرائی مناظر کو جدید ترین کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے جنوب مشرق میں پھیلا ہوا یہ پارک شہریوں کے لیے نہ صرف ایک فعال طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ انہیں فطرت سے جڑنے اور صحت مند تفریح کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔
پارک کو رواں سال کے آغاز میں عوام کے لیے کھولا گیا اور یہ مملکت میں تفریحی و کھیلوں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کا ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ ریت کے ٹیلوں سے گھرا ہوا یہ پارک 45 کلومیٹر پر محیط کثیرالاستعمال ٹریلز رکھتا ہے جو اسے سعودی عرب کا سب سے طویل اوپن ایئر آؤٹ ڈور پروجیکٹ بناتے ہیں۔ یہاں پیدل چلنے، دوڑنے، سائیکلنگ، پہاڑی بائیکنگ، ہائیکنگ اور گھڑ سواری کے لیے علیحدہ مخصوص راستے بنائے گئے ہیں جو ہر عمر اور ذوق کے افراد کے لیے موزوں ہیں۔
سینڈز پارک کے ڈیزائن میں سعودی ثقافتی ورثے کو نمایاں طور پر شامل کیا گیا ہے۔ پارک کے مختلف مقامات پر روایتی نجدی گلاب کے مجسمے نصب کیے گئے ہیں جو نہ صرف راستوں کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں بلکہ مقامی تہذیب کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ اس پارک کی تعمیر کے دوران تین لاکھ پچاس ہزار مربع میٹر پر پھیلے ہوئے صحرائی ریت کے ٹیلوں کو نہایت مہارت سے محفوظ رکھتے ہوئے نئی شکل دی گئی، تاکہ قدرتی ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچے اور پائیدار شہری ترقی کا پیغام بھی دیا جا سکے۔
یہ پارک نہ صرف مقامی افراد کے لیے تفریح کا مرکز ہے بلکہ یہاں عالمی سطح کے سائیکلنگ مقابلے اور لمبی دورانیے کی ریسیں کرانے کی مکمل گنجائش بھی موجود ہے، جو کہ سعودی عرب کو کھیلوں، ماحولی سیاحت، اور آؤٹ ڈور تجربات کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں کرتے ہیں۔ یہ جدید سہولتیں بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی سے ہم آہنگ ہیں، اور مملکت کے ویژن 2030 میں متعین کردہ مقاصد کے عین مطابق ہیں۔
کپیٹل سینڈز سپورٹس پارک نہ صرف ایک پارک بلکہ ریاض کی جدید شناخت، فعال طرزِ زندگی، اور فطرت سے ہم آہنگ ترقی کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ یہاں کی کھلی فضا، قابلِ رسائی سہولیات، اور ہر فرد کے لیے دستیاب تفریحی مواقع اس شہر کو زیادہ زندہ دل، خوشگوار اور پائیدار دارالحکومت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔