اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے رجسٹرڈ عازمین سے واجبات کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت آج بروز پیر (4 اگست) سے پہلی قسط جمع کروائی جا سکتی ہے۔ خواہشمند عازمین 9 اگست تک اپنی پہلی قسط نامزد بینکوں یا وزارت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق، حج 2026 کا متوقع پیکیج 11 لاکھ 50 ہزار روپے سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہو گا۔ وزارت کے مطابق اس بار پیکیج کو مزید سہولت بخش اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ ہر پاکستانی کو مقدس فریضہ بآسانی ادا کرنے کا موقع مل سکے۔
وزارت نے اعلان کیا ہے کہ اگر نشستیں دستیاب رہیں تو 11 سے 16 اگست تک نئے عازمین حج بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ موقع "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔ نشستیں مکمل ہونے پر مزید درخواستیں موصول نہیں کی جائیں گی اور واجبات کی وصولی بند کر دی جائے گی۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق دوسری قسط یکم نومبر 2025 سے وصول کی جائے گی۔ وزارت نے کہا ہے کہ تمام قسطوں کی بروقت ادائیگی حج کی روانگی کے عمل کو آسان اور منظم بنانے میں معاون ہوگی۔
وزارت مذہبی امور نے اس سال اہم پالیسی تبدیلیاں بھی کی ہیں، جن کے تحت دوبارہ حج کی اجازت دے دی گئی ہے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع دینا ہے۔