ریاض/کراچی/درعا/وائٹ نیل : سعودی عرب کی عالمی سطح پر خدمات کے علمبردار شاہ سلمان انسانی امداد و ریلیف مرکز نے ایک بار پھر اپنی انسان دوستی کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے پاکستان، شام اور سوڈان کے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کر کے امید کی کرن جگا دی۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دو اہم علاقوں، سجاول اور خیرپور میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 1,800 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں۔
اس اقدام سے 13,273 افراد مستفید ہوئے، جو شدید غذائی قلت اور بنیادی ضروریات کے بحران کا سامنا کر رہے تھے۔ یہ امداد فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ 2025 کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہے۔
افریقی ملک سوڈان کے علاقے وائٹ نیل میں بے گھر خاندانوں کے درمیان 400 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں، جن سے 1,729 افراد کو براہ راست فائدہ ہوا۔
یہ امداد خانہ جنگی اور معاشی بحران سے دوچار افراد کے لیے ایک بڑی نعمت ثابت ہوئی۔
جنگ زدہ ملک شام کے علاقے درعا میں بے گھر ہونے والے افراد میں 345 شیلٹر بیگز فراہم کیے گئے، تاکہ وہ شدید موسم اور عدم تحفظ کے حالات میں عارضی پناہ حاصل کر سکیں۔
ایس پی اے کے مطابق، شاہ سلمان مرکز کی جانب سے یہ اقدامات مملکتِ سعودی عرب کے عالمی انسان دوست فریم ورک کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر کے ضرورت مندوں، متاثرہ اور بے سہارا طبقات کو بحالی اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔