ریاض / اسلام آباد / خرطوم / حضرموت :سعودی عرب کی امدادی ایجنسی شاہ سلمان انسانی ہمدردی و امداد مرکز (KSrelief) نے دنیا بھر میں جاری اپنے فلاحی و امدادی مشن کے تحت پاکستان، سوڈان اور یمن میں نئی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، جن سے ہزاروں ضرورت مند افراد کو براہ راست اور بالواسطہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔ یہ اقدامات عالمی سطح پر سعودی عرب کی انسان دوستی اور ہمدردی کے جذبے کی زندہ مثال بن چکے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک سول سوسائٹی تنظیم کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کیے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد انتہائی غریب خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا اور فوڈ سیکیورٹی کو بہتر بنانا ہے
SPAکے مطابق اس فلاحی اقدام سے تقریباً 2,500 خاندانوں (17,500 افراد) کو براہ راست، جبکہ 88,000 افراد کو بالواسطہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔معاہدے پر دستخط شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز، انجینیئر احمد بن علی البیز نے کیے۔
پروگرام کے تحت مستحق افراد کو لائیو اسٹاک، پولٹری اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی، تاکہ وہ خود کفالت کی راہ پر گامزن ہوں اور بیرونی امداد پر انحصار کم ہو۔شاہ سلمان مرکز نے سوڈان کی ریاست خرطوم میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران بے گھر خاندانوں میں 700 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں، جن سے 7,041 افراد مستفید ہوئے۔
یہ امداد فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ 2025 کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہے، جس کا مقصد جنگ زدہ علاقوں میں بھوک، قلت اور بے گھری کا شکار افراد کو بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی ہے۔
یمن کے صوبہ حضرموت (Hadramaut)میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے شاہ سلمان مرکز نے شیلٹر اور ایمرجنسی کٹس فراہم کیں، جن سے 120 افراد نے فوری طور پر فائدہ اٹھایا۔
یہ امداد متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ زندگی کی جانب واپس لانے اور شدید موسمی حالات سے تحفظ فراہم کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔شاہ سلمان انسانی امداد مرکز دنیا کے کئی ممالک میں ریلیف، بحالی، صحت، تعلیم، پناہ گاہ، خوراک اور پائیدار ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔
یہ سرگرمیاں سعودی عرب کی انسان دوستی پر مبنی عالمی پالیسی اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں، جن کا مقصد عالمی سطح پر امن، مدد، اور انصاف کی فراہمی ہے۔