مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی فضاؤں میں روحانیت اور عقیدت کی خوشبو بکھیرتے ہوئے اسلامی مہینے محرم الحرام 1447 ہجری کے دوران کل 6 کروڑ 2 لاکھ 45 ہزار 635 زائرین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
یہ تاریخ ساز اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب کی قیادت اور دو مقدس مساجد کے امور کی جنرل اتھارٹی زائرین کی خدمت، ان کی سہولت اور عبادات میں سکون و اطمینان کے لیے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق مسجد الحرام میں اس عرصے کے دوران 2 کروڑ 75 لاکھ 31 ہزار 599 نمازیوں نے حاضری دی۔ ان میں سے 47 ہزار 823 خوش نصیبوں کو حطیم (حجر اسماعیلؑ) میں نماز ادا کرنے کا نایاب موقع نصیب ہوا۔ اس کے ساتھ 78 لاکھ 57 ہزار 270 معتمرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، جن کے لیے طواف، سعی اور دیگر مناسک کو آسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور منظم سہولیات فراہم کی گئیں۔
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں 2 کروڑ 15 لاکھ 76 ہزار 200 نمازیوں نے عبادات ادا کیں۔ ان میں 11 لاکھ 22 ہزار 368 زائرین نے روضہ شریفہ میں نفل و دعا کی سعادت حاصل کی، جبکہ 21 لاکھ 10 ہزار 375 افراد نے نبی کریم ﷺ اور آپ کے دو جلیل القدر صحابہ، حضرت ابوبکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ کی بارگاہ میں حاضری دے کر سلام پیش کیا۔
اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تمام خدمات سعودی قیادت کی براہِ راست ہدایات اور نگرانی میں فراہم کی جاتی ہیں تاکہ زائرین کو ہر ممکن آرام، سہولت اور تحفظ حاصل ہو۔ مزید یہ کہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے اور خدمات کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اس بے مثال انتظامی و روحانی خدمت کا مقصد نہ صرف عبادات کے لیے ماحول کو پرامن اور پرسکون رکھنا ہے بلکہ دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کو ایسی یادگار اور خوشگوار تجربہ فراہم کرنا ہے جو ان کی زندگی بھر کی قیمتی یادوں میں شامل ہو۔