سعودی عرب میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تحت سوانی کمپنی نے کیمل ملک کے شعبے میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ’نوق‘ برانڈ کے تحت دنیا کے سب سے بڑے کیمل ملک فارم کا آغاز کیا ہے۔ جرمن کمپنی ’جی ای اے‘ کی معاونت سے قائم یہ ماڈل فارم جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ فوڈ سیفٹی معیارات پر مبنی ہے، جس میں 10 ہزار سے زائد اونٹ رکھیے جا سکتے ہیں اور ماہانہ 5 لاکھ لیٹر دودھ کی پیداوار کی صلاحیت ہے۔
سوانی کے ایگریکلچر اور کیمل سیکٹر کے سربراہ فوزان الماضی کے مطابق، یہ فارم کیمل ملک کی پیداوار اور معیار کو بلند کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف مقامی مارکیٹ کی ضروریات پوری کی جا سکیں بلکہ برآمدات کے ذریعے سعودی معیشت کو بھی تقویت ملے۔
نوق‘ برانڈ کے تحت لانگ لائف کیمل ملک مختلف سائز اور ذائقوں میں دستیاب ہے جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی غذائی خصوصیات کی وجہ سے مقبول ہو رہا ہے۔ وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد 2.2 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، جو اسے دنیا کے سب سے بڑے اونٹ رکھنے والے ممالک میں شامل کرتا ہے۔
یہ ماڈل فارم سعودی عرب کی زراعت اور فوڈ سیکٹر میں جدت اور ترقی کی ایک مثال ہے جو مستقبل میں ملک کو کیمل ملک کی پیداوار میں عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام دلانے کا باعث بنے گا۔